ممبئی: مہاراشٹر کے نوی ممبئی ٹاؤن شپ میں 2024 میں منشیات کے جرائم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس سال 2023 میں 475 کے مقابلے میں اس سال ایسے 654 کیس درج کیے گئے ہیں ۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے جمعرات کو بتایا اس سال 939 افراد کو نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 811 تھی۔نئی ممبئی پولیس کی سالانہ رپورٹ کے مطابق، اس سال ضبط شدہ منشیات کی کل مالیت 33.27 کروڑ روپے تھی، جو پچھلے سال کی 22.97 کروڑ روپے سے زیادہ ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق، ان گرفتار شدگان میں 58 غیر ملکی شہری شامل ہیں، جن میں زیادہ تر افریقی شہری تھے ۔ یہ تعداد 2023 میں 37 تھی۔ اس سال غیر ملکی شہریوں سے ضبط کی جانے والی ممنوعہ اشیاء کی مالیت 25.70 کروڑ روپے تھی، جو 2023 میں 11.61 کروڑ روپے سے زیادہ ہے ۔