نو منتخب کارپوریٹرس کی بلدی مسائل کی یکسوئی پر توجہ

   

شہر میں کوڑا کرکٹ کا انبار ، بروقت عدم نکاسی سے عوام برہم ، صورتحال ابتر
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں بلدی انتخابات کے بعد نو منتخبہ کارپوریٹرس کی جانب سے اپنے علاقوں کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جانی لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ نومنتخبہ اراکین بلدیہ نے بلدی عہدیداروں سے نمائندگیوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے تاکہ اپنے علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے توجہ دہانی کروائی جاسکے۔ دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میں موجود 150 بلدی حلقہ جات میں کامیاب ہونے والے امیدواروںنے اپنے علاقوں میں زیر التواء کامو ںکا جائزہ لینے کے علاوہ ان کاموں کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا ہے جو فوری طور پر کروائے جانے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو شہر حیدرآباد کی سڑکوں پر موجود کچہرے کی صفائی کے سلسلہ میں سب سے زیادہ فون کالس موصول ہونے شروع ہوگئے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ نومنتخبہ کارپوریٹرس اپنے بلدی حلقہ جات میں صفائی کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر صفائی عملہ کو متحرک کرنے کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔جی ایچ ایم سی حدود میں کئی سڑکوں اور گلیوں میں کچہرے کنڈی میں کچہرے کئی دنوں تک نہ اٹھائے جانے کی شکایات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ بلدیہ میں ناکافی عملہ کے سبب صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے اور اب اراکین بلدیہ کی جانب سے اس مسئلہ کو فوری حل کرنے کے علاوہ روزانہ کے اساس پر سڑکوں کی صفائی اور کچہرے کی نکاسی کا مطالبہ کیا جا رہاہے ۔ کچہرے کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے محکمہ بلدی نظم ونسق وسیع منصوبہ تیار کیا ہے اور جلد ہی اس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ نومنتخبہ کارپوریٹرس نے اپنے بلدی حلقوں میں موجود ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں رپورٹ طلب کرنی شروع کردی ہے اور جلد ہی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کے آغاز کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہر کی کئی اہم سڑکوں پر جہاں بلدی انتخابات کے پیش نظر سڑکوں کی تعمیر کے عمل کو روک دیا گیا تھا اب اسے دوبارہ شروع کردیاگیا ہے اور بارش کے دوران خراب ہونے والی سڑکوں کی مرمت کے علاوہ سڑکوں پر موجود گڑھوں کو بند کرنے کیلئے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سڑکوں کے مرمتی کاموں کی تکمیل کے بعد نومنتخبہ کارپوریٹرس کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔