نو ہندوستانی ماہی گیر سری لنکا کی حراست میں

   


رامیشورم: سری لنکا کی بحریہ نے ہندوستانی ماہی گیروں پر اس کے خصوصی اقتصادی علاقے میں مچھلی پکڑنے کا الزام لگاتے ہوئے ان پر حملہ کر کے نو ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا۔ اس کے علاوہ سری لنکا نے ماہی گیروں کی کشتیوں کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے ۔ ماہی پروری کی صنعت سے منسلک افسروں نے اتوار کو بتایا کہ 517 کشتیوں پر قریب 3500 ماہی گیروں کا گروپ ہفتہ کو رامیشورم سے سمندر میں مچھلی پکڑنے کے لئے روانہ ہوا تھا۔ جب ماہی گیر بین الاقوامی آبی حدود پر مچھلی پکڑ رہے تھے تبھی سری لنکا کی بحریہ کی گشت لگارہی کشتیوں نے ان پر پتھروں اور سوڈے کی بوتلوں سے حملہ کردیا۔ سری لنکا بحریہ نے مچھلی پکڑنے کے لئے استعمال ہونے والے جالوں اور لاکھوں روپئے کی قیمت والے آلات تباہ کر دئے ۔ ماہی گیروں پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے رامیشورم کے ماہی گیروں کی مختلف تنظیموں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سری لنکا کے سامنے رکھے اور اس کی بحریہ کو ہندوستانی ماہی گیروں کے استحصال سے روکا جائے ۔