نیویارک۔28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی اور فرانچ اوپن چمپئن اسپین کے رافیل نڈال اور خاتون چمپئن جاپان کی ناومی اوساکا نے سال کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے جبکہ پانچ سیڈڈ کھلاڑیوں کو حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی ۔تین مرتبہ کے یو ایس اوپن چمپئن نڈال نے آسٹریلیا کے جان ملمین کو دو گھنٹے تک چلے مقابلے میں 6-3، 6-2، 6-2 سے آسانی سے شکست دی۔ دوسرے راؤنڈ میں نڈال کا مقابلہ آسٹریلیا کے ہی تھاناسي کوکناکس سے ہوگا۔دنیا کی نمبر ایک خاتون کھلاڑی اوساکا کو پہلے راؤنڈ کا مقابلہ جیتنے کے لئے تین سٹ تک پسینہ بہانا پڑا۔ انہوں نے روس کی غیر سیڈ کھلاڑی انا بلکووا کو 6-4، 6-7 (5-7)، 6-2 سے شکست دی۔ اوساکا گزشتہ سال فائنل میں سرینا ولیمز کو شکست دے کر چمپئن بنی تھیں۔ دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ پولینڈ کی میگدا لنیتے سے ہوگا۔ میچ کے بعد اوساکا نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی خود کو اتنا نروس کبھی محسوس نہیں کیا۔خاتون زمرے کے پہلے حیران کن نتیجہ میں دو بارکی چمپئن اسپین کی گربان مگروزا پہلے راؤنڈ میں ہی ہار گئیں۔ انہیں امریکہ کی ایلیسن رسکے نے 2-6، 6-1، 6-3 سے شکست دے دی۔ مرد زمرے کے حیران کن مقابلوں میں چوتھے سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیم، آٹھویں سیڈ مصر کے استیفانوس ستسپاس، نویں سیڈ روسی کھلاڑی کیرن خاچانوو اور10 ویں سیڈ اسپین کے رابرٹو بتستا اگت پہلے دور میں شکست کے بعد باہر ہو گئے ۔دو مرتبہ کے فرانچ اوپن رنر اپ ڈومینک تھیم کو اٹلی کے تھامس فیبیانو نے 6-4، 3-6، 6-3، 6-2 سے اور ستسپاس کو روس کے آندرے ربیلیو نے 6-4، 6-7 (5/7) ، 7-6 (9/7)، 7-5 سے شکست دی۔ ستسپاس نے امپائر پر جانبداری کا الزام بھی لگایا۔ ستسپاس کو فیصلہ کن سٹ میں وقت سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے لئے ایک نشان کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔ ومبلڈن چمپئن رومانیہ کی سمونا ہالیپ بھی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ ہالیپ نے امریکہ نکول گبز کو 6-3، 3-6،6-2 سے شکست دی۔ ہالیپ دو سال بعد پہلے راؤنڈ میں جیتنے میں کامیاب رہیں۔ دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ امریکہ کی ہی ٹیلر ٹاؤن سینڈ سے ہوگا۔ ہالیپ2017 میں روس کی ماریا شاراپووا اور2018 میں ایسٹونیا کی کائیا کانیپي سے ہار گئی تھیں۔ نویں سیڈ روسی کھلاڑی کیرن خاچانوو کو کینیڈین کھلاڑی واسیک پوسپسل نے 6-4، 5-7، 5-7، 6-4، 3-6 سے شکست دی،
جبکہ اسپین کے10 ویں سیڈ رابرٹو بتستا اگت کو قزاقستان کے میخائل ککشکن کے خلاف پانچ سٹوں میں 6-3، 1-6، 4-6، 6-3، 3-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔امریکہ کے دراز قد ٹینس کھلاڑی جان اسنر نے میگا ایونٹ کا پہلا مرحلہ عبورکر لیا، انہوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہسپانوی حریف کھلاڑی گلرمو گارشیا لوپیز کو راست سٹوں میں6-3،6-4 اور6-4 سے ہراکر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔جرمنی کے الیگزینڈر زیویروف نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد رادو البوٹ کو 6-1، 6-3، 3-6، 4-6 اور6-2 سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔ کروشیا کے مارین سلک نے سلواکیہ کے مارٹن کلیزن کو ٹائی بریک پر 6-3،6-2 اور7-6(8-6) سے مات دی۔ پہلے راؤنڈ کے دیگر میچوں میں فرانسیسی کھلاڑی گیل مونفلس اور بینوئٹ پائر بھی کامیابی حاصل کرکے دوسرے راؤنڈ میں داخل ہوگئے ۔ ومبلڈن کے گراس کورٹ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 15 سال کی کوکو گاف نے یو ایس اوپن میں فتح کے ساتھ آغاز کیا ۔ انہوں نے تین سٹ میں ایناستازیا پوتاپووا کو شکست دی۔گاف مقامی کھلاڑی ہونے کی وجہ سے ان پر تمام امریکوں کی نظریں ہیں۔