نیویارک۔ یکم ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر دو کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال اور نمبر ایک کھلاڑی جاپان کی ناومی اُوساکا نے ہفتہ کو اپنے مقابلے آسانی سے جیت کر سال کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ دیگر دو الٹ پھیر میں ساتویں سیڈ ہالینڈ کی کیکی برٹنس اور آسٹریلیا کے نک کرگیوس ہار کر باہر ہو گئے ۔دوسری سیڈ نڈال نے کوریا کے ھیون چنگ کو ایک گھنٹے 59 منٹ میں 6-3، 6-4، 6-2 سے شکست دی جبکہ اوساکا نے امریکہ کی 15 سال کی کوکو گوف کو صرف 65 منٹ میں 6-3، 6-0 سے شکست دیدی۔ گوف نے ومبلڈن کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچ کر تہلکہ مچایا تھا لیکن وہ اوساکا کے سامنے کوئی چیلنج نہیں پیش کر سکیں۔اوساکا کے راؤنڈ 16 میں سوئٹزرلینڈ کی بیلنڈا بینسچ سے مقابلہ ہوگا۔ بینسچ کو تیسرے راؤنڈ میں ایسٹونیا کی اینیٹ کونتاویت سے واک اوور مل گیا۔نڈال 16 ویں راؤنڈ میں 22 ویں سیڈ کروشیا مارن سلچ سے نبرد آزما ہوں گے ۔ سلچ نے ایک دیگر مقابلے میں امریکہ کے جان اسنر کو تین گھنٹے 19 منٹ کی جدوجہد میں 7-5، 3-6، 7-6، 6-4 سے شکست دی۔تیسرے راؤنڈ کے دو الٹ پھیر میں برٹنس کو جرمنی کی جولیا جرجس نے ایک گھنٹے 17 منٹ میں 6-2، 6-3 سے ہرا دیا۔ 28 ویں سیڈ کرگیوس کو روس کے آندرے ربلیو نے ایک گھنٹے 51 منٹ میں 7-6، 7-6، 6-3 سے شکست دی۔ ایک اور الٹ پھیر میں سابق نمبر ایک اور 19 ویں سیڈ ڈنمارک کی کیرولن ووزنیاکي کو کینیڈا کی بیانکا اندریسکو نے ایک گھنٹے 33 منٹ میں 6-4، 6-4 سے شکست دی۔ اس درمیان چھٹے سیڈ جرمنی کے الیگزینڈر جویریو اور 13 ویں سیڈ فرانس کے گائل مونفلس نے سخت جدوجہد میں جیت حاصل کر راؤنڈ -16 میں جگہ بنا لی۔ جویریو نے سلووینیا کے الجاج بیدینے کو تین گھنٹے 36 منٹ میں 6-7، 7-6، 6-3، 7-6 سے شکست دی جبکہ مونفلس نے کینیڈا کے ڈینس شاپووالوو کو تین گھنٹے 34 منٹ میں 6-7، 7-6، 6-4، 6-7، 6-3 سے شکست دی۔امریکہ کی ٹیلر ٹاسیڈ نے رومانیہ کی سوران کرسٹی کو 7-5، 6-2 سے ، بیلجئیم کی ایلس مرٹنس نے جرمنی کی اندریا پیتکووچ کو 6-3، 6-3 سے اور امریکہ کی کرسٹی این نے لٹویا کی جیلینا اوستاپیکو کو 6- 3، 7-5 سے شکست دے کر راؤنڈ 16 میں مقام بنا لیا۔