نڈال اور جوکووچ ایک اور فائنل کی سمت گامزن

   

پیرس ۔ 2 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) رافل نڈال اور نواک جوکووچ جو کہ سیزن کا اختتام عالمی نمبر ایک کھلاڑی کے طور پر کرنے کیلئے کوشاں ہیں ، وہ اب یہاں رواں پیرس ماسٹرس کے ایک اور متوقع فائنل کی سمت گامزن ہے جیسا کہ دونوں ہی کھلاڑیوں نے کوارٹر فائنلس میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ 33 سالہ نڈال جو یہاں پہلی مرتبہ خطاب حاصل کرتے ہوئے سال کا اختتام بحیثیت نمبر ایک کھلاڑی حاصل کرسکتے ہیں اور وہ جوکو وچ سے پہلا مقام چھین سکتے ہیں۔ نڈال جنہوں نے کوارٹر فائنل میں فرانسیسی کھلاڑی جو ویلفریڈ سونگا کو 7-6(7-4) ، 7-1 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے جہاں ان کا مقابلہ ڈینس شاپالو سے ہوگا۔ عالمی نمبر ایک جوکووچ نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں اسٹیفانوس سٹسپاس کو 6-1 ، 6-2 سے شکست دی ہے ۔ سیمی فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ گریجار دیمترو سے ہوگا ۔