لندن۔12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) اے ٹی پی فائنلز میں حیران کن نتائج کا سلسلہ جاری ہے جیسا کہ عالمی نمبر ایک رافیل نڈال جو کہ سال کا اختتام نمبر ایک کھلاڑی کے طور پر کرنے کے خواہاں ہیں انہیں پہلے مقابلے میں شکست برداشت کرنی پڑی ۔ نڈال کوجرمن حریف کے خلاف پہلے راؤنڈ میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ لندن کے بلیو ٹینس کورٹ پر بڑا مقابلہ ہوا عالمی نمبر ایک رافل نڈال اور جرمن کھلاڑی الیگزینڈر زیوریف آمنے سامنے ہوئے اور اے ٹی پی فائنلز کے پہلے مرحلے میں عالمی نمبر سات کھلاڑی نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ پہلا سٹ 6-2 کی جیت سے جوش و ولولہ دکھا دیا، دوسرے سٹ میں ایسی ہی شاندار مظاہرہ کیا اور 6-4 سے سٹ جیت کر تجربہ کار رافیل نڈال کو حیران کر دیا۔ علاوہ ازیں چار گرانڈ سلم ایونٹس کے بعد سیزن کے سب سے اہم اختتامی ٹورنامنٹ اے ٹی پی فائنلز کی پہلی آزمائش میں نمبر تین سیڈ سوئس پلیئر راجر فیڈرر کو نمبر پانچ سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیئم کے خلاف 7-5,7-5 سے شکست ہو ئی۔گروپ مرحلے میں نمبر چھ سیڈ یونان کے اسٹیفانوس سٹسیپاس نے نمبر چار سیڈ روسی حریف ڈینیئل میڈیڈیو کو 7-6 اور 6-4 جبکہ نمبر دو سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے نمبرآٹھ سیڈ اٹلی کے میٹیو بیریٹینی کیخلاف 6-2 اور 6-1 سے کامیابی حاصل کی ۔