ملبورن 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن میں خطاب کے دعویدار کھلاڑیوں کے اخراج کا سلسلہ آج بھی جاری رہا اور خاتون زمرہ کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز کیرولینا پلیسکوا کو تیسرے مرحلہ کے مقابلہ میں سخت جدوجہد کے باوجود ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا ہے۔ گزشتہ روز سابق عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمس اور دفاعی چمپئن جاپان کی نومی اوساکا کا ٹورنمنٹ سے اخراج ہوا تھا اور آج روس کی پاؤلی چینکووا نے پلیسکوا کے خلاف 7-6(7-4) ، 7-6(7-3) کی کامیابی حاصل کی۔ چیک جمہوریہ کی پلیسکوا کے خلاف چینکووا کی یہ پہلی کامیابی ہے۔ دریں اثناء دو مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن سیمونا ہالپ نے اہم کھلاڑیوں کے اخراج کے سلسلہ میں خود کو محوظ رکھتے ہوئے قزاقستان کی یولیا پوٹن سیوا کو بہ آسانی 6-1 ، 6-4 سے شکست دیتے ہوئے ٹورنمنٹ کے چوتھے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ہالپ کی یہ کامیابی اس لئے بھی اہمیت کی حامل رہی کیوں کہ خطاب کے دعویداروں میں شامل سرینا اور اوساکا کا پہلے ہی اخراج ہوچکا ہے۔ 2018 ء کی فرنچ اوپن چمپئن ہالپ کو پہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن خطاب حاصل کرنے کا ایک اور موقع دستیاب ہوا ہے۔ مرد زمرہ کے مقابلوں میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال کے بیسویں خطاب کی مہم ہنوز جاری ہے۔ جیسا کہ اُنھوں نے ہم وطن ویرٹوسو کے خلاف 6-1 ، 6-2 ، 6-4 کی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
