نڈال تین سٹوں میں نشیکوری کیخلاف کامیاب

   

بارسلونا : سابق عالمی نمبر ایک رافل نڈال نے بارسلونا اوپن میں جاپانی حریف کائی نشی کوری کو 6-0,2-6,6-2 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ 11 مرتبہ یہاں خطاب حاصل کرنے والے نڈال نے مقابلہ کا شاندار آغاز کیا اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ تیزی کے ساتھ کامیابی حاصل کرلیں گے لیکن دوسرے سیٹ میں نشی کوری نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ کو دلچسپ بنادیا۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں نڈال نے اپنے حریف نشی کوری کی سرویس دو مرتبہ توڑی اور باآسانی سے سٹ اپنے نام کرلیا۔ نڈال جنہیں مونٹی کارلو کے کوارٹر فائنل میں اینڈری روبیلو کے خلاف حیران کن شکست کے بعد سے اپنا بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ہنوز ناکام ہے۔ نڈال نے کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برس بہت زیادہ ٹینس نہ کھیلنے کی وجہ سے مجھے جدوجہد کرنا پڑرہا ہے۔