نیویارک ۔9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) یوایس اوپن ٹینس منیز سنگلز کا فائنل رافیل نڈال نے جیت لیا اور انہوں نے کرئیر میں 19 ویں گرانڈ سلام حاصل کرلیا ہے۔ اسپین کے سابق عالمی نمبر ایک نڈال نے یوایس اوپن فائنل میں روسی کھلاڑی ڈینل مدیدیو کو شکست دی، اس فتح کے ساتھ نڈال نے کریئرکا 19واں گرانڈ سلام خطاب اپنے نام کرلیا۔نیویارک میں کھیلے گئے یوایس اوپن ٹینس مینز کے فائنل میں کامیاب کھلاڑی کو پانچ سٹوں کا ایک مشکل ترین مقابلہ کھیلنا پڑا۔ نڈال نے ابتدائی دو سٹس میں 5-7 اور3-6 سے کامیابی حاصل کی اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ وہ راست سٹوں میں خطاب حاصل کرلیں گے لیکن اگلے دو سٹ مدیدیو کے نام رہے جس میں انہوں نے اسپینش حریف کو7-5 اور6-4 سے شکست دے کر نہ صرف مقابلہ برابرکیا بلکہ فائنل کو کافی دلچسپ بنادیا تھا لیکن پانچویں سٹ میں نڈال نے ایک مرتبہ پھر بازی پلٹی اور آخری سٹ 4-6 سے جیت کر یوایس اوپن ٹینس کا فائنل اپنے نام کرلیا۔ 33 سالہ نڈال، سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر سے صرف ایک گرانڈ سلام پیچھے ہیں۔