پیرس۔ رافیل نڈال نے رولینڈ گارو میں را فا را فا شور کے درمیان اپنے کیریئر کا 112 واں میچ کھیلتے ہوئے پانچ سیٹوں کی فتح کے ساتھ ثابت کر دیا کہ انہیں کلے کورٹ کا بادشاہ کیوں کہا جاتا ہے۔ نڈال نے ساڑھے چارگھنٹے کے چوتھے راؤنڈ کے مقابلے میں فیلکس اوگر ایلیاسیم کو 3 ۔ 6، 6۔ 3، 6۔ 2، 3۔ 6، 6۔ 3 سے شکست دی۔جیت کے بعد انہوں نے کہا سچ پوچھیں تو میں جب بھی یہاں کھیلتا ہوں، مجھے نہیں معلوم کہ یہ رولینڈ گیروس میں میرا آخری میچ ہوگا۔ اب صورتحال ایسی ہوگئی ہے اس لیے میں ہر میچ سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔ اب ان کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں نوواک جوکووچ سے ہوگا۔ جوکووچ کا نڈال کے خلاف کیریئرکا ریکارڈ 30۔ 28 ہے لیکن نڈال نے اس کے خلاف سات میچ جیتے اور دو میں فرنچ اوپن میں شکست کھائی۔ جوکووچ نے 15ویں سیڈ ڈیاگو شوارٹزمین کو 6 ۔ 1، 6۔ 3، 6۔ 3 سے شکست دی۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں الیگزینڈر زویریو کا مقابلہ عالمی نمبر 6 اسپین کے کارلوس الکاراز سے ہوگا۔زویریو نے کوالیفائرمیرالیس 7 ۔ 6، 7۔ 5، 6۔ 3 سے شکست دی اس کے ساتھ ہی الکاراز نے کیرن خاچانوف کے خلاف 6.1، 6۔ 4,6.4 سے جیتا۔ خواتین کے حصے میں 18 سالہ کوکو گو کا مقابلہ امریکی سلوین اسٹیفنز سے ہوگا جبکہ 2021 کی یو ایس اوپن رنر اپ کینیڈا کی لیلا فرنینڈز کا مقابلہ اٹلی کی 59ویں نمبر کی مارٹینا ٹریویسن سے ہوگا۔