نڈال یوا یس اوپن کے سیمی فائنل میں داخل

   

نیویارک ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک اسپین کے رافیل نڈال آسان کامیابی کے بعد سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ انہوں نے کوارٹر فائنل میں عالمی درجہ بندی میں تیسرے مقام پر فائز ارجنٹینا کے ڈیگو اسکاور مین کو باآسانی 6-4,7-5,6-2 سے شکست دی ہے۔ دوسرے درجہ کے کھلاڑی نڈال جنہوں نے یہاں تین مرتبہ خطابات حاصل کئے ہیں وہ سیمی فائنل میں اطالوی ٹینس اسٹار بیٹیوبیریتانی سے مقابلہ کریں گے۔ اسپینی کھلاڑی نے تین گھنٹوں کے درمیان کامیابی حاصل کی حالانکہ انہیں مقابلہ کے دوران بائیں ہاتھ میں تکلیف کی شکایت بھی رہی اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ وہ گذشتہ برس کی طرح اس سال بھی گھٹنے کی تکلیف میں مبتلاء ہوں گے کیونکہ گذشتہ برس انہیں یان مارٹن ڈیل پوٹرو کے خلاف سیمی فائنل میں گھنٹوں کی تکلیف کے باعث مقابلہ سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے نڈال نے کہا کہ وہ اس مقابلہ کے دوران بہتر محسوس کررہے تھے تاہم کسی قدر انہیں ہاتھ میں تکلیف محسوس ہورہی تھی۔ نڈال 33 ویں مرتبہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے اور اس طرح وہ راجر فیڈرر 45 مرتبہ اور نواک جوکووچ 36 مرتبہ کے بعد تیسرے مقام پر موجود ہیں جبکہ نیویارک میں وہ آٹھویں مرتبہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔