مونٹریال۔ 11اگست (سیاست ڈاٹ کام ) اسپین کے افسانوی کھلاڑی رافیل نڈال نے فرانس کے گائل مونفلس کی چوٹ کی وجہ سے ہٹ جانے کے سبب راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے ۔عالمی نمبر دو کھلاڑی نڈال نے اس طرح 51 ویں بار کسی اے ٹی پی ماسٹرز 1000 ٹورنمنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کی 50 فائنل کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ نڈال نے سیمی فائنل میں مونفلس سے واک اوور ملنے سے خطابی مقابلے میں جگہ بنا لی جہاں ان کا سامنا روس کے ڈینل مدویدیف سے ہوگا۔مدویدیف نے ایک دیگر سیمی فائنل میں ہم وطن کارین کارین خاچانوو کو 6-1، 7-6 سے شکست دے کر پہلی باراے ٹی پی ماسٹرز 1000 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی۔نڈال نے کینیڈا میں اپنا چوتھا خطاب چار سال پہلے جیتا تھا اور اب وہ یہاں پانچواں ٹائٹل جیتنے سے ایک قدم دور رہ گئے ہیں۔ اگر وہ خطاب جیتتے ہیں تو یہ ان کا 35 واں ماسٹرز 1000 خطاب ہو گا ۔ ماسٹرز 1000 خطاب کے معاملے میں نڈال پہلے ہی سب سے آگے ہیں جبکہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ 33 ماسٹرز 1000 خطاب کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔