نکاح کو آسان بنائیں‘ غیر شرعی رسومات سے مسلم معاشرہ تباہ

   

Ferty9 Clinic

ورنگل میں 24 دسمبر کو دوبدو ملاقات پروگرام، مائناریٹی انٹلیکچول فورم شعبہ خواتین کی پریس کانفرنس
ورنگل۔ 21؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ نکاح کو آسان بنائیں، فضول خرچی سے بچیں، شریعت کے مطابق رشتہ طئے کریں۔ ان خْالات کا اظہار مائناریٹی انٹلیکچول فورم شعبہ خواتین کے ذمہ داران محترمہ نصرت جہاں، محسنہ عارف، نازنین بیگم کے پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے عوام الناس سے خواہش کی کہ ادارہ ’سیاست‘ اور مائناریٹی انٹلیکچول فورم کی جانب سے ورنگل میں منعقدہ 24 دسمبر چہارشنبہ کو دوبدو ملاقات پروگرام بمقام ابنوس فنکشن ہال، ایل بی نگر ورنگل سے استفادہ کریں۔ مسلمانوں کی شادیوں میں بے جا اسراف غیر شرعی رسومات کی وجہ سے مسلم معاشرہ تباہ ہورہا ہے۔ والدین کو چاہئے کہ رشتہ طئے کرتے وقت لڑکوں اور لڑکیوں کی سیرت و اخلاق پر توجہ دیں۔ شادی جیسی رحمت متوسط طبقہ کے مسلمانوں کے لئے زحمت بنتی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں ادارہ ’سیاست‘ اور مائناریٹی انٹلیکچول فورم کی جانب سے مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے رشتے طئے کرنے کے لئے والدین اور سرپرستوں کے لئے 24 دسمبر بروز چہارشنبہ 10 بجے تا 2 بجے دن ابنوس فنکشن ہال ایل بی نگر ورنگل میں دوبدو ملاقات پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ادارہ ’سیاست‘ اور مائناریٹی انٹلیکچول فورم کی جانب سے گزشتہ 7 برسوں سے یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ چلایا جارہا ہے۔ اب تک 900 سے زائد رشتے طئے ہوچکے ہیں۔ یہ پروگرام متحدہ ضلع ورنگل کے تمام مسلمانوں کے لئے رکھا گیا ہے۔ اطراف کے اضلاع کے لوگ بھی اس پروگرام میں شرکت کرسکتے ہیں۔ سرپرستوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ اپنے اپنے لڑکیوں اور لڑکیوں کے بائیوڈاٹا معہ دو عدد پوسٹ کارڈ سائز فوٹوز کے ساتھ اس پروگرام میں شرکت کریں۔ مزید معلومات کے لئے فورم کے ذمہ داران سے فون نمبرات 9885374872، 9908594686 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔