محبوب نگر ۔ 12 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملت کے معاشی طور پر کمزور ماں باپ کے لئے لین دین اور گھوڑے جوڑے کی شادیاں عذاب بن گئی ہیں۔ عبد العزیز امیر مقامی جماعت اسلامی ہند محبوب نگر نے اپنے بیان میں بتایا کہ مسلم خاندانوں میں قرض مانگ کر شادیاں کرنے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔ نتیجتاً شادی کی عمریں پار کرکے بے شمار لڑکیاں گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں اور ارتداد کا مسئلہ ملت کے لئے ایک ناسور بن چکا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں سے روگردانی سے مسائل نے ہم کو گھیر رکھا ہے۔ امت کو ان مسائل سے نکالنے کے لئے ہم کیا کرسکتے ہیں؟ اسی ضمن میں جماعت اسلامی ہند محبوب نگر نے ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا ہے۔ ’’نکاح کو آسان کرو، اصراف سے بچو‘‘ 14 جولائی 2024 اتوار بعد نماز مغرب بمقام الماس فنکشن ہال رامیا باولی محبوب نگر منعقد ہوگا۔ مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نائب امیر جماعت اسلامی ہند صدارت کریں گے۔ مہمان مقررین محمد خواجہ ناظم ضلع جماعت اسلامی محبوب نگر ونپرتی، مولانا ناصر مظاہری صدر جمعیۃ العلماء ہند محبوب نگر، مولانا خواجہ فیض الدین نقشبندی بانی، ناظم مدرسہ عربیہ للبنات، مولانا سمیر جامعی، نائب امیر طلعی جمعیۃ اہلحدیث، مخاطب کریں گے۔ عامۃ المسلمین سے گذارش ہیکہ اس اہم ترین مسئلہ پر منعقد ہو رہے جلسہ عام میں مع احباب شرکت فرمائیں، خواتین کے لئے پردہ کا نظم رہے گا، جلسہ گاہ ہی میں نماز عشاء ادا کی جائے گی۔