بیجاپور،26جون(سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں نکسلائٹس نے پولیس مخبری کے شبہ میں دو نوجوانوں کو قتل کردیا۔ بیدرے تھانہ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اندراوتی ندی کے پار نکسلیوں نے جن عدالت لگاکر پولیس مخبری کے الزام میں دو نوجوانوں کو قتل کردیا۔کل دیر رات گئے ایک نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ضلع اسپتال لائی گئی۔نکسلائٹس کے ڈر سے مقتول کے گھروالے دوسرے نوجوان کے بارے میں پولیس کو معلومات دینے سے ڈر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق کچھ دن پہلے بیدرے پولیس نے ندی کے پار ایک مہم چلاکر کچھ نکسلیوں کو گرفتا ر کیاتھا۔اس کے بعد ناراض نکسلیوں نے ماڑ کے نوگور گاؤں میں جن عدالت لگاکر منیش پلو اور ایک دیگر نوجوان کو قتل کردیا۔
ایسا بتایا جاتا ہے کہ نکسلیوں نے نوجوانوں پر پولیس مخبری کرنے کا الزام لگاکرانہیں قتل کردیاہے ۔مارے گئے منیش کی لاش دیر رات بیجاپور لائی گئی،جبکہ دوسرے نوجوان کی کوئی معلومات ابھی تک نہیں مل پائی ہے ۔