نکسلائٹ کا ہفتہ یادگار شہیدان تلنگانہ میں چوکسی

   

اہم تنصیبات کالیشورم اور دیگر پراجکٹس کی ڈرون کیمرو ں سے نگرانی ، ڈی جی پی کا دورہ ملگ

حیدرآباد۔29جولائی (سیاست نیوز) نکسلائٹس کے ہفتہ یادگار شہیداں کے پیش نظر ریاست کے سرحدی علاقوں بالخصوص گوداوری اور کالیشورم پراجکٹ کی ڈرون کیمروں کے ذریعہ نگرانی کی جانے لگی ہے اور محکمہ پولیس اور انٹلیجنس ایجنسیوں کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ ماؤسٹ تنظیموں کی جانب سے ہر سال 28 جولائی تا 3اگسٹ ہفتہ یادگار شہیداں منایاجاتا ہے جو کہ ماؤسٹ تحریک کے بانی قائد چارو مجمدار کی یاد میں ہوتا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایم مہیندر ریڈی کی جانب سے گذشتہ دنوں مولوگو نامی موضع کا دورہ کئے جانے اور اس کے بعد سرحدی علاقو ںمیں پولیس کی طلایہ گردی میں اضافہ کے علاوہ گرے ہاؤنڈس کو متحرک کئے جانے کے سبب یہ کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سرحدی علاقوں میں نکسلائٹس اور ماؤسٹ تحریک کے کارکنوں کی سرگرمیوں کے سبب علاقہ کی ڈرون کیمروں کے ذریعہ نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ دو یوم قبل لینڈ مائن پر بیل کے پیر رکھنے کے بعد لینڈ مائن پھٹ پڑنے کے واقعہ نے محکمہ پولیس اور انٹلیجنس کے عہدیدارو ںکو چوکنا کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ سیکیوریٹی فورسس کی جانب سے علاقہ میں لینڈ مائنس کی جانچ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔محکمہ پولیس کے ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور ڈی جی پی مسٹر ایم مہیندر ریڈی کا دورہ مولوگو احتیاطی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے کیا گیا ہے اور اس بات کی جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاست میں ماؤسٹ سرگرمیوں اضافہ کی راہیں کونسی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ انٹلیجنس اداروں کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق مہاراشٹراکے علاوہ چھتیس گڑھ سرحدوں کی نگرانی میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور کالیشورم پراجکٹ کی نگرانی کیلئے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جا رہاہے۔ ان اقدامات کے دوران موصولہ اطلاعات اور انٹلیجنس ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کالیشورم لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بھوپل پلی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر آر بھاسکرن نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے شہیداں اور اس سلسلہ میں دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے ذمہ داروں کو متحرک کردیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تلنگانہ پولیس کی جانب سے پڑوسی ریاست کے پولیس عہدیداروں اور سرحدی علاقوں کے پولیس عہدیداروں سے مستقل رابطہ بنائے رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ہفتہ یادگار کے دوران کسی قسم کا کوئی اندوہناک واقعہ نہ پیش آئے۔