چھتیس گڑھ میں نکسلائیٹ حملہ ، بی جے پی رکن اسمبلی ، چار سپاہی ہلاک
الیکشن کمیشن کا مقررہ تاریخ کو رائے دہی کا فیصلہ ، بی جے پی کی صیانتی ذمہ داری ، الیکشن کمیشن کو حاصل کرنے کا مطالبہ
رائے پور ۔ /9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن اسمبلی بھیما مانڈوی اور 4 سکیورٹی گارڈ آج ہلاک ہوگئے جب ان کے قافلے پر چھتیس گڑھ کے ضلع دنتے واڑہ میں نکسلائیٹ نے حملہ کیا ۔ اس ریاست میں عام انتخابات کا پہلا مرحلہ چند روز دور ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ شیام گری پہاڑی علاقہ میں پیش آیا جہاں سے ایم ایل اے کا قافلہ بچیلی علاقہ سے کوا کونڈہ جارہا تھا ۔ جائے واردات ریاستی دارالحکومت رائے پور سے تقریباً 450 کیلو میٹر دور ہے ۔ نکسلائیٹس نے ایم ایل اے کی گاڑی کو دھماکہ سے اڑایا اور گاڑی میں سوار لوگوں پر فائرنگ کردی۔سخت لب و لہجہ میں ماؤسٹوں کو چھتیس گڑھ میں حملے کی مذمت کرتے اور سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ چھتیس گڑھ میں ماؤسٹوں کے حملے کی سخت ترین مذمت کرتے ہیں اور صیانتی ارکان عملہ کو جو شہید ہوگئے اپنا خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور تیقن دیتے ہیں کہ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ۔ یہ حملہ اُس وقت ہوا جبکہ ان کی گاڑی بچیلی علاقہ سے کوا کونڈہ کی سمت جارہی تھی جو رائے پور سے 450 کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔ جبکہ قافلے کی ایک گاڑی کو نکسلائیٹس نے ترقی یافتہ دھماکو آلہ کے دھماکے سے اڑادیا اور فوجیوں پر اندھادھند فائرنگ کی ۔ رکن اسمبلی اور 4 ارکان صیانتی عملہ اس حملے میں ہلاک ہوگئے۔وزیراعظم نے کہا کہ رکن اسمبلی مانڈوی ایک مخلص بی جے پی کارکن تھے وہ دلیبر اور بہادر تھے ۔ چھتیس گڑھ کے عوام کی انتھک خدمت میں مصروف رہتے تھے ۔ ان کی موت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ انہوں نے سوگوار ارکان خاندان اور حامیوں کو شانتی اور صبر کی تلقین کی ۔ بی جے پی نے الیکشن کمیشن میں حملہ کی شکایت درج کرواتے ہوئے اس سے اس علاقہ کے نظم و ضبط کی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا اور کشیدہ صورتحال کی بنا پر رائے دہی کی تاریخ میں تبدیلی کرنے کا بھی مطالبہ کیا لیکن الیکشن کمیشن کے ایک خصوصی اجلاس میں مقررہ تاریخ کو ہی رائے دہی کروانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے ریاست چھتیس گڑھ کے انتخابی عہدیدار سبردساہو سی ای او کے حوالے سے یہ اطلاع دی ۔ دنتے واڑہ جہاں یہ حملہ ہوا بستر لوک سبھا انتخابی حلقہ میں شامل ہے ۔
