رائے پور: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کی دیر رات دہلی روانہ ہونے سے قبل چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں بائیں بازو کی انتہا پسندی کی صورتحال پر ایک محکمہ جاتی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ ویشنو دیو سائے ، نائب وزیر اعلیٰ وجے شرما، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر، مرکزی وزارت داخلہ میں خصوصی سیکرٹری (اندرونی سلامتی)، مرکزی ریزرو پولیس فورس، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی، بارڈر سیکیورٹی فورس، ہند-تبت بارڈر پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل، چھتیس گڑھ کے چیف سیکریٹری اور پولیس ڈائریکٹر جنرل سمیت کئی اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ، مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ڈبل انجن حکومت نکسلیوں کے مکمل خاتمے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 31 مارچ 2026 سے پہلے ہی چھتیس گڑھ سمیت پورے ملک نکسلیوں سے پاک ہوجائے گا۔ امیت شاہ نے کہا کہ نکسلی تشدد کی وجہ سے کئی نسلیں برباد ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نکسلیوں کو جڑ سے ختم کرنا ضروری ہے تاکہ یہ دوبارہ پنپ نہ سکیں۔