نئی دہلی، 11 جون (آئی اے این ایس) ۔ ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بیٹر نکولس پورن جنہوں نے گزشتہ روز ہی بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے، انہیں 2025 سیزن کے لیے میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) میں ایم آئی نیو یارک کا کپتان مقررکردیا گیا ہے۔ یہ بائیں ہاتھ کے وکٹ کیپر بیٹر دنیا کے خطرناک ترین بیٹرس میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 2023 کے ایم ایل سی سیزن میں سب سے زیادہ 388 رنز بنائے تھے اور فائنل میں ناقابل شکست 137 رنزکی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو خطاب جتوایا تھا۔ فرنچائز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہمارا ہیرو، ہمارا اسٹار، ہماراکپتان! نکولس پورن ۔29 سالہ جاندار کھلاڑی، جنہیں ایم آئی این وائی سوپر اسٹارکہا جاتا ہے کو 2025 کے سیزن کے لیے کوگنیزنٹ میجر لیگ کرکٹ میں ایم آئی نیو یارک کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ پورن نے گزشتہ سیزن میں ٹیم کی قیادت کرنے والے ویسٹ انڈین آل راؤنڈرکیرون پولارڈ کی جگہ لی ہے۔ ایم آئی نیو یارک اپنی ایم ایل سی2025 مہم کا آغاز 13 جون کو اوکلینڈ کولوسیئم میں ٹیکساس سوپرکنگز کے خلاف ایک ہائی وولٹیج مقابلے سے کرے گی۔ ٹرینیڈاڈ سے تعلق رکھنے والے پورن نے ویسٹ انڈیزکی جانب سے167 بین الاقوامی میچز کھیلے، اور پیرکے روز اپنے نو سالہ کیریئر کو خیرباد کہتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے ونڈے کرکٹ میں 1,983 رنز بنائے۔ پورن نے کبھی ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹسٹ میچ نہیں کھیلا، لیکن وہ ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 106 میچزکے ساتھ سب سے زیادہ نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی ہیں، اور انہوں نے سب سے زیادہ 2,275 رنز بھی بنائے۔ انہوں نے دسمبر 2024 میں ویسٹ انڈیزکے لیے اپنا آخری میچ کھیلا تھا۔ انہیں 2021 کے مردوں کے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے ویسٹ انڈیزکا نائب کپتان مقررکیاگیا تھا اور2022 میں چھ ماہ کے دوران دونوں وائٹ بال فارمیٹس میں کپتانی بھی کی، جس میں ٹی20 ورلڈ کپ مہم بھی شامل تھی۔ پورن حالیہ اختتام پذیر آئی پی ایل2025 میں زبردست فارم میں رہے۔ لکھنؤ سوپر جائنٹس کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے 43.66 کی اوسط سے 524 رنز بنائے۔