حیدرآبادی باکسر س کا تاحال عمدہ مظاہرہ ، تمغہ جیتنے میںکامیاب ہوسکتے ہیں
برمنگھم: عالمی چیمپئن نکہت زرین، نیتو گنگھاس اور حسام الدین محمد 2022 کامن ویلتھ گیمز باکسنگ ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ اسی دوران اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین کوارٹر فائنل میں اپ سیٹ کا شکار ہو گئیں۔ بھارتی باکسر لولینا بورگوہین 66 سے 70 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل میں ہارنے کے بعد کامن ویلتھ گیمز سے باہر ہو گئی ہیں۔ انہیں ویلز کی روزی ایکلس نے 3-2 سے شکست دی۔ نکہت زرین نے خواتین کے 50 کلوگرام زمرے میں ویلز کی ہیلن جونز کو 5.0 پوائنٹس سے شکست دی۔ تینوں راؤنڈز میں نکہت کو برتری حاصل تھی اور انہوں نے اپنے حریف کو جارحانہ ہونے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ اس کے علاوہ دو بار کی طلائی تمغہ فاتح نیتو (21 سال) کو 48 کلوگرام کے کوارٹر فائنل کے تیسرے اور آخری راؤنڈ میں اس کے شمالی آئرلینڈ کی حریف نکول کلائیڈ کے رضاکارانہ طور پر ریٹائر ہونے (ABD) کے بعد فاتح قرار دیا گیا۔ جس سے برمنگھم میں ملک کا پہلا باکسنگ میڈل یقینی ہوگیا ہے۔ اس کے بعد نظام آباد کے 28 سالہ حسام الدین نے مَردوں کے 57 کلوگرام میں نمیبیا کے ٹریگین مارننگ اینڈییلو کو 4-1 سے شکست دے کر دوسرا تمغہ حاصل کرنے کے لیے آخری چار میں جگہ بنائی۔ پچھلے مرحلے کے کانسے کا تمغہ جیتنے والے حسام الدین کو اپنے مقابلے کے الگ فیصلے میں سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ اس سے قبل بھیوانی کے دھنانا ضلع سے تعلق رکھنے والی نیتو نے پہلے دو راؤنڈ میں کلائیڈ پر غلبہ حاصل کیا جس کے بعد میچ روک دیا گیا اور نتیجہ بھارتی باکسر کے حق میں آیا۔ نیتو، جو اپنا کامن ویلتھ گیمز میں ڈیبیو کر رہی ہیں، لیجنڈری باکسر ایم سی میری کوم کے وزن کے زمرے میں کھیل رہی ہیں۔ میری کوم سلیکشن ٹرائلز کے دوران زخمی ہوگئی تھیں۔ بھارتی ٹیم نے برمنگھم آنے سے پہلے آئرلینڈ میں ٹریننگ کی تھی اور اس سے نیتو کو کلائیڈ کے خلاف میچ میں مدد ملی۔کوارٹر فائنل جیتنے کے بعد پُراعتماد نیتو نے کہا کہ ‘یہ حریف باکسر کے خلاف میرا پہلا میچ تھا لیکن ہم نے آئرلینڈ میں ایک ساتھ ٹریننگ کی۔ یہ تو ابھی شروعات ہے، مجھے بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ میں اپنے کوچز کے مشورے سن کر اسے رِنگ میں استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ اسٹرینڈجا میموریل گولڈ میڈلسٹ نیتو دوسرے باکسرز کی ویڈیوز دیکھنا پسند نہیں کرتی ہیں اور ان کا کوئی رول ماڈل نہیں ہے۔