نکہت زرین کو متنازعہ مقابلے میںمیری کوم کیخلاف شکست

   

نئی دہلی۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جس مقابلہ کا گزشتہ ایک وقت سے کافی انتظار کیا جارہا تھا، وہ آج منعقد ہوا جیسا کہ 6 مرتبہ کی عالمی چمپین ایم سی میری کوم اور جونیر عالمی چمپین تلنگانہ کی نکہت زرین آئندہ برس چین میں منعقد شدنی اولمپک کوالیفائرس کے لئے آج یہاں فائنل مقابلہ کھیلے تھیں۔ اس مقابلے میں 36 سالہ میری کوم نے اپنی حریف 23 سالہ نکہت زرین کو بہ آسانی 9-1 سے شکست دی۔ یہ مقابلہ اس لئے بھی اہمیت کا حامل تھا کیونکہ ہندوستانی انتظامیہ، میری کوم کو اولمپک کوالیفائرس کیلئے ہندوستان کی نمائندگی کیلئے منتخب کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا لیکن نکہت زرین نے مطالبہ کیا تھا کہ راست کسی بھی کھلاڑی کو منتخب کرنے کے بجائے ٹرائلس ہونے چاہیں۔ نکہت نے اپنے اس مطالبہ کیلئے وزیر اسپورٹس کو بھی ٹوئٹ کیا تھا جس کے بعد انتظامیہ نے ٹرائلس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ مقابلہ کے بعد کچھ تلخ مناظر بھی دیکھنے میں آئے جیسا کہ مقابلہ پر نکہت زرین کی آبائی ریاست تلنگانہ کے باکسنگ اسوسی ایشن نے نتیجہ کے اعلان کے بعد چند تحفظات کا بھی اظہار کیا۔ علاوہ ازیں مقابلہ کے اختتام کے بعد دونوں باکسروں نے ایک دوسرے سے مصافحہ بھی نہیں کیا۔ مقابلہ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے میری کوم نے کہا کہ میری برہم تھی اور اس میں کوئی دورائے نہیں تھی لیکن اب سب کچھ ہوچکا ہے لہذا میں مجموعی طور پر یہی کہنا چاہتی ہوں کہ مظاہرے سے پہلے آپ کچھ نہ کہیں اور جب مظاہرہ ہوجائے تو آپ کہہ سکتی ہیں کہ ہر کوئی یہ دیکھتا ہے کہ آپ رنگ میں کیا کرتی ہیں۔ اولمپک کوالیفائرس مقابلہ اب 3 تا 14 فروری چین میں منعقد شدنی ہیں جس پر میری توجہ مرکوز ہے۔ میری کوم سے جب یہ پوچھا گیا کہ انہوں نے مقابلہ کے بعد زرین کو گلے کیوں نہیں لگایا تو کہا کہ مقابلہ کے دوران ایسے مناظر ہوتے ہی ہیں۔