نکہت کامن ویلتھ گیمز کیلئے انڈین ٹیم میں شامل

   

نئی دہلی : موجودہ ورلڈ چمپئن نکہت زرین اور اولمپک برونز میڈلسٹ لوولینا بورگوہائن نے ہفتہ کو یہاں سلیکشن ٹرائلز میں واضح کامیابیوں کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز کیلئے انڈین ٹیم میں اپنی اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔ دو مرتبہ کی استرانجا میموریل گولڈ میڈلسٹ نکہت نے ہریانہ کی میناکشی کو 7-0 کے متفقہ فیصلہ کے ذریعہ پوری طرح بے بس کردیا جبکہ لوولینا نے ریلویز کی پوجا کو ایسے ہی فرق سے شکست دی۔ نیتو (48kg) اور جاسمین (60kg) دیگر باکسرز ہیں جو ہر چار سال بعد منعقد ہونے والے کھیلوں کیلئے کوالیفائی ہوگئی ہیں۔ نکہت کا اپنے مقابلے میں پوری طرح کنٹرول نظر آیا، وہ رِنگ میں اچھل اچھل کر مکے لگاتی رہیں۔ دو مرتبہ کی سابقہ یوتھ ورلڈ چمپئن نیتو نے 2019 کی سلور میڈلسٹ منجو رانی کے مقابل ججوں کے 5-2 کے فیصلے سے کامیابی پائی۔ ہریانہ کی باکسر کا رواں سال اچھا رہا ہے۔ اُس نے سال کے اوائل میں استرانجا میموریل ٹورنمنٹ میں گولڈ جیتا تھا۔ 2021 ایشین یوتھ باکسنگ چمپئن شپ برونز میڈلسٹ جاسمین نے 2022 کی ورلڈ چمپئن شپ برونز میڈلسٹ پروین ہوڈا کو لائٹ مڈل ویٹ فائنل کے تیز مقابلے میں ہرایا۔ سی ڈبلیو جی 28 جولائی سے 8 اگست تک برمنگھم میں منعقد ہونے والے ہیں۔ ہندوستان کی ٹیم میں نیتو (48kg)، نکہت (50kg)، جاسمین (60kg)، لوولینا (70kg) شامل رہیں گے۔