نگورنو کاراباخ کے 3 سابق صدور گرفتار

   

نگورنو کاراباخ: آذربائیجان نے آرمینیا کے زیر تسلط متنازع علاقہ نگورنو کاراباخ کے 3 سابق صدور کو علیحدگی پسندوں کی قیادت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان کی خفیہ ایجنسی نے نگورنوکاراباخ کے سابق صدور ’’ارایک ہروتیونیان‘‘ ’’ارکادی گوکاسین‘‘ اور ’’باکو سہاکیان‘‘ کو گرفتار کرنے کی تصدیق کردی۔ ان صدور کی گرفتاری آذربائیجان کی جانب سے نگورنوکاراباخ میں علیحدگی پسندوں کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں ہوئی۔ متنازعہ علاقہ نگورنو کاراباخ آذربائیجان کا علاقہ ہے لیکن سویت یونین کے خاتمے کے بعد سے اس پر آرمینیا نے قبضہ کر رکھا تھا۔ دو سال قبل آذربائیجان نے قبضہ واگزار کرالیا تھا۔ گرفتار ہونے والے 3 صدور میں سے ایک ’’ارایک ہروتیونیان‘‘ بھی ہیں جو 2020 میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ میں نگورنو کاراباخ کے صدر تھے تاہم آذربائیجان کی فتح پر حکومت چھوڑ دی تھی اور علیحدگی پسندوں کی حمایت کی تھی۔