نہتے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی خودکش ڈرون کا استعمال

   

یروشلم : قابض صیہونی افسران نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے غزہ کی پٹی کے اندر حالیہ کارروائیوں میں خاص طور پر پچھلے مئی میں غزہ پر حالیہ جارحیت میں کواڈ کیپٹر خودکش طیارے کا استعمال کیا تھا۔ عبرانی 13 چینل کی ایک رپورٹ کے مطابق ان طیاروں نے غزہ پر بھاری اڑانیں بھریں اور خودکش حملے کیے۔ ان میں سے کچھ فلسطینی گروپوں سے تعلق رکھنے والے راکٹ لانچروں کیمراکز پر کیے گئے۔ ٹیلی ویژن رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف اویو کوچاوی نے آئندہ جنگ کی تیاری اور میزائل کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اٹیک ہیلی کاپٹروں کی پیداوار کی شرح میں اضافے کا حکم دیا۔ پچھلی رپورٹوں میں غزہ کی پٹی میں ان طیاروں کے قابض اسرائیل کی طرف سے استعمال کے بارے میں بات کی گئی تھی جہاں اس نے مزاحمتی جنگجوؤں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا تھا۔ ان میں سے بعض خود کش ڈرون مزاحمتی مراکز کے اندر گر کرپھٹے تھے۔فلسطین میں جانی یا مالی نقصان کی توثیق نہیں ہوسکی ہے۔