نہروزوپارک میں جانوروں کو سردی سے محفوظ رکھنے انتظامات

   

Ferty9 Clinic


حیدرآباد۔ درجہ حرارت میں گذشتہ چند دنوں سے جاری گراوٹ کے پیش نظر حیدرآباد کے نہروزوالوجیکل پارک میں جانوروں کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔عہدیدار جانوروں کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ ان کی صحت متاثر کئے بغیر ان کو سردی سے محفوظ رکھاجاسکے ۔شیروں اور دوسرے جانوروں کے پنجروں میں روم ہیٹرس لگائے گئے ہیں۔چڑیوں کے انکلوژرس کو ہرے کپڑے سے ڈھانکا گیا ہے تاکہ ان کو سردی سے بچایاجاسکے ۔بندروں کے پنجرے میں بھی روم ہیٹرس لگائے گئے ہیں۔رینگنے والے جانوروں کے پنجروں میں چھوٹے بلب اور چھوٹے گھڑے لگائے گئے ہیں تاکہ وہ خود کو سردی سے بچاسکیں۔راتوں کو جاگنے والے جانوروں کے پنجروں سے تین ماہ کے لئے اے سی نکال دیئے گئے ہیں۔ان انتظامات کے علاوہ جانوروں اور چڑیوں کو اضافی بی کامپلکس کے سپلمنٹس والی غذافراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ خود کو گرم محسوس کرسکیں۔ان کو ساتھ ہی موسمی پھل اور سبزیاں بھی دی جارہی ہیں۔