نہرو زوالوجیکل پارک آنے والوں کی تعداد میں کمی

   


حیدرآباد :۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کوویڈ 19 کے خوف کے نتیجہ میں حیدرآباد میں نہرو زوالوجیکل پارک ( زو پارک) آنے والوں کی تعداد میں کمی ہورہی ہے حالانکہ مینجمنٹ نے اس وبا کے بعد کئی سیفٹی اقدامات کئے ہیں ۔ عام دنوں میں روزانہ زو آنے والے 4000 تا 5000 لوگوں کے مقابل ان دنوں صرف تقریبا 1500 لوگ ہی زو پارک آرہے ہیں ۔ جب کہ ویک ینڈس میں وِزیٹرس کی یہ تعداد کوویڈ سے پہلے کے دنوں میں 15000 کے مقابل 5000 دیکھی جارہی ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ ’ دوسری ریاستوں سے شہر آنے والے سیاحوں کی تعداد میں کمی کے باعث زو پارک آنے والوں کی تعداد میں 50 فیصد سے زیادہ کی کمی ہورہی ہے ۔ پہلے یہ زیادہ تھی لیکن اب لوگ زو پارک آنا شروع کئے ہیں ‘ ۔ تقریباً سات مہینوں تک بند رہنے کے بعد نہرو زوالوجیکل پارک کو عوام کے لیے اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں دوبارہ کھولا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ اب صرف دو تلگو ریاستوں کے عوام ہی زو پارک آرہے ہیں ۔ عام طور پر دیگر ریاستوں کے سیاح ، بالخصوص شمالی ہند سے آنے والے سیاح موسم سرما کے دوران شہر آتے ہیں ۔ تاہم کوویڈ 19 وبا کے باعث سیاح شہر نہیں آرہے ہیں ۔ زو پارک میں کئی سیفٹی اقدامات کئے گئے ہیں اور ٹائیگر / لائین سفاری پارک ، ناکٹرنل انیمل انکلوژر اور ریپٹائل انکلوژر کو بند کردیا گیا ہے ۔ تاہم دوسرے جانوروں کو ان کے متعلقہ انکلوژرس میں عوام کے دیکھنے کے لیے چھوڑا گیا ہے ۔ عوام کے لیے کئی مقامات پر سنیٹائزرس رکھا گیا ہے ۔ جب کہ زو میں باقاعدہ طور پر اسپرے کیا جارہا ہے ۔ عہدیدار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ زو پارک میں ماسک لگانے کو بھی ضروری بنایا گیا ہے ۔۔