نئی دہلی ، 06 جون (سیاست ڈاٹ کا م ) ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر امیش یادو نے بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے سے قبل دلیپ ٹرافی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ راہل دراوڑ اور وی وی ایس لکشمن جیسے لیجنڈ بلے بازوں کے خلاف گیند بازی کریں گے ۔ امیش نے ہندوستانی ٹیم میں ڈیبیو کرنے سے قبل دلیپ ٹرافی میں ساوتھ زون کے لئے کھیلتے ہوئے دراوڑاور لکشمن کے خلاف بولنگ کی اور اس میچ میں ان دونوں بلے بازوں کی وکٹ سمیت مجموعی طور پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ میچ ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوا۔امیش نے کہا کہ جب میں دلیپ ٹرافی میچ کھیلنے گیا تو مجھے معلوم ہوا کہ ہمارا میچ جس ٹیم کے ساتھ ہے اس میں ہمیں دراوڑاور لکشمن جیسے لیجنڈ بلے بازوں کے خلاف کھیلنا ہے اور میں یہ جان کر حیرت زدہ تھا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اتنے دباؤ میں اچھی بالنگ کرسکتا ہوں۔