کام اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے چیف منسٹر دہلی کا تیقن، جانے والوں کیلئے حکومت کی جانب سے انتظامات
نئی دہلی ۔ 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے دہلی میں رہنے والے مہاجر مزدوروں سے اپیل کی ہیکہ وہ دہلی چھوڑ کر نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پھر بھی جانا چاہتا ہے تو دہلی حکومت اس کیلئے انتظامات کرے گی۔ انہوں نے مزدوروں سے کہا کہ وہ اپنے طور پر جانے کی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں مدھیہ پردیش اور بہار کیلئے دو ٹرینیں روانہ کی گئی ہیں۔ اروند کجریوال نے دہلی میں کورونا وائرس کی کیا صورتحال ہے اس پر پریس کانفرنس کرکے بتایا کہ دہلی میں تقریباً سات ہزار معاملات ہیں جن میں سے بیشتر کم یا بغیرعلامات والے ہیں۔ راجدھانی میں کورونا وائرس سے ہوئی اموات پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر اور ان کے سابق قریبی ساتھی کپل مشرا نے سنگین الزامات لگائے ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیا میں بھی الگ رپورٹ آئی ہے ۔کجریوال نے اتوار کو ویڈیو کانفرنس میں کہا کہ دہلی میں تقریباً سات ہزار پازیٹیو معاملات ہیں ان میں سے 1500اسپتال میں ہیں اور صرف 27ہی وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ 91 آئی سی یو میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ راجدھانی کے بیشتر معاملات بغیر علامات یا معمولی علامات والے ہیں۔کجریوال نے بتایا کہ 2,069 مریض کوروناوائرس سے مکمل صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ کورونا سے مرنے والوںمیں 82 فیصد لوگ 50 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہیں۔ کجریوال نے سینئر سٹیزنس یعنی بزرگ شہریوں سے درخواست کی ہیکہ وہ کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ علاماتیں ظاہر نہ ہونے والے اور معمولی علامتوں والے افراد کو دواخانوں میں شریک کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ انہیں گھروں پر ہی علاج فراہم کیا جاسکتا ہے۔ سرکاری ٹیمیں ان کے گھروں کا دورہ کریں گے اور سوشل آئیسولیشن سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیمیں مسلسل رابطہ میں رہے گی اور ضرورت پڑنے پر متاثرین کے ارکان خاندان بھی عہدیداروں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ گھر میں اگر مناسب جگہ نہیں ہے تو حکومت مریضوں کو کوویڈ۔19 کے سنٹر روانہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ راجیو گاندھی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کو بعض ہوٹلوں سے جوڑ دیا گیا ہے جہاں کوروناسے لڑنے والے متاثرین زیر علاج ہیں۔ کجریوال نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت کے اس اقدام پر اپوزیشن کی جانب سے تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کو بہتر سہولتیںدینا ضروری ہے۔ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں بلکہ کورونا کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کرنے کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خانگی دواخانوں کے ایمبولینس کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ جب بھی ان کی ضرورت پڑ رہی ہے سرکاری خدمات کیلئے ان کااستعمال کیاجارہا ہے جس سے ایمبولنس کی قلت نہیں ہوگی۔ کانگریس قائد اجئے ماکن نے حکومت کے کام کاج میں شفافیت پر زور دیا۔
