بنگلورو:کانگریس لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں ایک سطری قرارداد پاس کرتے ہوئے پارٹی کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے کو لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر یعنی وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا حق دیدیا گیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار اور وزیر اعلیٰ عہدہ کے سب سے مضبوط امیدوار سدارامیا نے بنگلورو کے شانگری لا ہوٹل میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں شرکت کی۔ اس دوران ہوٹل کے باہر موجود سدارامیا اور ڈی کے شیوکمار کے حامی اپنے اپنے لیڈروں کی حمایت میں نعرے لگاتے نظر آئےاس سے پہلے کانگریس صدر ملکاارجن کھڑگے نے کرناٹک میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) کے لیڈر کو منتخب کرنے کے لئے سینئر لیڈر سشیل کمار شندے، جتیندر سنگھ اور دیپک بابریہ کو بطور مشاہد مقرر کیا تھا۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں ان تینوں نے نئے لیڈر کے انتخاب کے سلسلے میں قانون سازوں کی رائے معلوم کی۔