نہ سمجھ اور دھمکی تمہارا کلچر۔ ہریش راؤ

   

ٹی آر ایس قربانیوں کا دوسرا نام، کسانوں کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی

حیدرآباد ۔ 2 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیرفینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے مرکزی حکومت کو مختلف تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دھان کی خریداری کے مسئلہ پر مرکزی حکومت دھوکہ دے رہی ہے۔ ہریش راؤ مرکزی وزیر پی گوئل کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ناسمجھ اور دھمکی تمہارا کلچر ہے جو حق گوئی اور مخالفت پر استعمال کرتے ہیں۔ ہریش راؤ جو سخت برہم تھے۔ مرکزی حکومت سے کہا کہ ٹی آر ایس کسانوں کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش اور دل آزاری کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر فاقہ کشی کریں گے لیکن بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے گوئل کو کسانوں سے فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تاریخ سے ابھی بی جے پی مکمل واقف نہیں جو ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے اور کسانوں کے حقوق کو حاصل کرنے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کرے گی۔ انہوں نے مرکزی وزیر کے بیان کو کسانوں کے خلاف اور کسانوں کی توہین قرار دیا اور سخت الفاظ میں کہا کہ اگر گوئل کسان کی اولاد ہوتے تو شاید انہیں کسانوں کی تکالیف اور مسائل سے واقفیت ہوتی اور وہ اس طرح سے زبان درازی نہیں کرتے۔ کسان ملک کی معیشت اور ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کا مقام رکھتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت مخالف عوام اور مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر دھمکیاں دے رہی ہے۔ ای ڈی کے ذریعہ دھمکانہ اور حق کی آواز کو دبانے کا کلچر بی جے پی کا شیوا ہے اور جھوٹ پروپگنڈہ اور بے بنیاد الزامات کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنا بی جے پی کی پالیسی کا حصہ ہے اور بی جے پی دوسروں کو ناسمجھ کہتی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ دراصل بی جے پی کو ریاست تلنگانہ کی ترقی پسند نہیں ہے۔ انہوں نے ریاستی بی جے پی قائدین سے مرکزی حکومت کے طرزعمل پر سوال کیا اور کہا کہ ریاستی بی جے پی قائدین سے ا ب کسان اور عوام ہی سوال کریں گے۔ ہریش راؤ نے بی جے پی قیادت کو باور کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس دھمکیوں اور کارروائیوں سے خوفزدہ ہونے والوںکی جماعت نہیں ہے۔ کسانوں کے معاملہ میں مخالفت کا بی جے پی کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ع