نیا آغازہوگا لیکن میںبیٹنگ نہیں بھولا : دھون

   

نئی دہلی ۔ 24ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) زخمی انگلی ، گردن میں سوجن ، تھکی آنکھیں اور گھٹنوں میں تکلیف کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون کیلئے 2019ء ایک مشکل ترین سیزن رہا لیکن تجربہ کار دھون نے کہا ہے کہ نیا سال ایک نئی شروعات ہوگی ، کیونکہ میں بیٹنگ نہیں بھولا ۔ دھون نے مزید کہا کہ معیار ہمیشہ باقی رہتاہے جب کہ فام آنی جانی ہے ۔ دھون جو کہ رانجی ٹرافی کے مقابلہ میں حیدرآباد کے خلاف دہلی کی نمائندگی کریں گے اور وہ سید مشتاق علی ٹرافی کے مقابلہ کے دوران گھٹنہ زخمی کربیٹھے تھے جس پر انہیں 25ٹاکے بھی لگائے گئے ۔ صحت یاب ہونے کے بعد اب وہ رانجی ٹرافی میں بہتر مظاہرہ کرنے کیلئے پُرعزم ہے جس کے ذریعہ وہ ہندوستانی ٹیم میں خود کو دوبارہ ملنے والے موقع کا بہتر فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔ دھون کی ہندوستانی ٹیم میں واپسی ضرور ہوئی ہے لیکن انہیں اس حقیقت کا بخوبی اندازہ ہے کہ ان کی عدم موجودگی میں کے ایل راہول نے روہت شرما کے ساتھ ہندوستان کی ایک کامیاب ترین اوپنگ جوڑی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے اور دونوں کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف منعقدہ ٹوئنٹی 20اور ونڈے سیریز میں ٹیم کو نہ صرف شاندار شروعات فراہم کی بلکہ دونوں نے ایک سے زائد مرتبہ پہلی وکٹ کیلئے سنچری پارٹنرشپ نبھائی ہے ۔ دھون نے کہا ہے کہ زخموں پر کھلاڑیوں کا قابو نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک قدرتی چیز ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں ٹیم میں واپسی کررہا ہوں اور یہ ایک نئی شروعات ہے ۔ دھون کو سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی 20سیریز کیلئے ٹیم میں اس لئے شامل کیا گیا کیونکہ مسلسل کرکٹ کھیل رہے روہت شرما کو آرام دینا ضروری ہے ۔ جس کے بعد وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کو دستیاب رہیں گے ۔ علاوہ ازیں روہت کی واپسی کے بعد اوپننگ کیلئے دھون ، راہول اور روہت دستیاب رہیں گے ۔