نیا امریکی ٹیرف غیر منصفانہ : میکسیکو

   

میکسیکو سٹی13جولائی (یو این آئی) میکسیکو نے امریکہ کی جانب سے اعلان کردہ نئے ٹیرف کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے اور دونوں فریقوں نے ایک مستقل دو طرفہ ورکنگ گروپ کے ذریعے باضابطہ بات چیت شروع کر دی ہے ،یہ رپورٹ ژنہوا نے اتوار کے روز میکسیکو حکومت کے حوالے سے دی ہے۔ وزارت خارجہ اور وزارت اقتصادیات نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جمعہ کو واشنگٹن میں میکسیکو کے وفد اور امریکی افسران کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی، جس کے دوران میکسیکو کی جانب سے بتایا گیا کہ نئے ٹیرف کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔وزارت نے واضح طور پر کہا کہ یہ ٹیرف غیر منصفانہ ہے اور ہم اس سے متفق نہیں ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں جانب کاروبار اور ملازمتوں کے تحفظ کے لیے ، دونوں ممالک نے اپنے تعلقات میں اہم امور کو حل کرنے اور ٹیرف کے نفاذ سے بچنے کے لیے ایک مستقل دو طرفہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ یہ گروپ سرحدی سلامتی، نقل مکانی اور پانی کے انتظام جیسے امور پر بھی غور کرے گا۔