8.60 لاکھ طلبہ کو فائدہ ، سیکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا کی ڈی ای اوز کیساتھ آن لائن میٹنگ
حیدرآباد ۔ 9 مئی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے جاریہ سال تلنگانہ کے سرکاری اسکولوں میں زیرتعلیم 1 تا5 جماعتوں کے طلباء و طالبات کو نوٹ بکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب تک 6 تا 10 جماعتوں کے طلبہ کو ہی نوٹ بکس دیئے جاتے تھے۔ اب پرائمری اسکولوں کے بچوں کو بھی نوٹ بکس دیئے جائیں گے۔ حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کے 8.60 لاکھ طلبہ کو فائدہ ہوگا۔ ریاستی محکمہ تعلیم کی سیکریٹری یوگیتا رانا نے اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس کے ساتھ ایک آن لائن میٹنگ کی جس میں مختلف اُمور پر غور کیا گیا۔ 1-2 کلاس کے طلبہ کو اور ساتھ ہی 3-5 جماعتوں کے طلبہ میں 4 نوٹ بکس تقسیم کئے جائیں گے۔ اِن میں ورک بکس کے علاوہ نوٹ بکس بھی شامل رہیں گے۔ یہ کتابیں 15 مئی تک تمام اضلاع میں پہنچا دیئے جائیں گے۔ سیکنڈری گریڈ ٹیچر یونین (SGTU) کے ریاستی صدر کے مہیپال ریڈی نے کانگریس حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے سرکاری اسکولس میں داخلہ لینے والے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ اس اجلاس میں ہر جمعہ کو اسکول میں پیرنٹس ۔ ٹیچرس میٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 6 جون سے بڈی باٹا پروگرام کا آغاز ہوگا، اس دن بھی والدین کے ساتھ ٹیچرس کی میٹنگ منعقد ہوگی۔ فی الحال خان اکیڈیمی کے ذریعہ ماڈل اسکولس، کے جی بی وی میں 6-12 کلاس تک ریاضی اور سائنس کے مضامین کیلئے آن لائن کلاسیس کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کو دیگر تمام سرکاری اسکولس تک توسیع دی جائے گی۔ اس اکیڈیمی کے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعہ NEET اور JEE کی کوچنگ حاصل کی جاسکتی ہے۔ ذہنی طور پر کمزور طلبہ کی نشاندہی کرنے پر ان کی خاطر انفرااسٹرکچر کی فراہمی کیلئے فنڈس منظور کئے جائیں گے۔2