نیا ریونیو قانون ریاست تلنگانہ کیلئے نئے دور کا آغاز ہوگا

   

رشوت کا خاتمہ ، غریب عوام کے لیے ثمر آور ہوگا ، ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ کا ٹوئیٹ

حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے اسمبلی میں متعارف کردہ نئے ریونیو قانون بل کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے محکمہ ریونیو میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لاتے ہوئے نئے باب کا آغاز کیا ہے ۔ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ہوم کورنٹائن میں رہنے والے ہریش راؤ نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس نئے قانون سے غریب عوام اور کسانوں کو بدعنوانیوں ، لاپرواہی ، غفلت اور تاخیر سے ہونے والی مشکلات سے چھٹکارا مل جائے گا اور یہ قانون ملک کے لیے مثالی ثابت ہوگا ۔ چیف منسٹر کی جانب سے اصلاحات کے دور کا جو آغاز ہوا ہے ۔ وہ ریاست کے لیے سنہرے دور کا آغاز ہوگا ۔ اسمبلی میں نئے ریونیو قانون کے متعارف کرانے کے ساتھ ہی عوام میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔ ریاست کے مختلف مقامات پر چیف منسٹر کے سی آر کی تصویر کو دودھ سے دھوتے ہوئے جشن منایا جارہا ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ موجودہ قانون اور اس کی کوتاہیوں سے عوام کتنا بدظن تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سنہرے تلنگانہ ریاست کے شرمندہ خواب کی تعبیر کے لیے عملی اقدامات کرتے ہوئے عوامی خواہشات کی تکمیل کررہے ہیں ۔ مختصر عرصہ میں تلنگانہ ترقی و فلاحی اسکیمات کے معاملے میں سارے ملک کے لیے قابل تقلید بن گیا ہے ۔ نیا ریونیو ایکٹ بنانے کی پہل کرنے پر وہ چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔۔