نیا ریونیو قانون کسی کے خلاف نہیں ، محکمہ مال کے عہدیدار عوامی اعتماد بڑھائیں

,

   

محکمہ مال میں تمام سطح پر ترقیاں دی جائیں گی ،ریونیو اسوسی ایشن نمائندوں سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد :۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ عوام کی خوشحالی کو مد نظر رکھتے ہوئے نیا ریونیو قانون بنایا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے اس پر سختی اور سنجیدگی سے عمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ محکمہ مال میں بڑے پیمانے پر انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی ۔ پرگتی بھون میں تلنگانہ ریونیو ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن کے نمائندوں سے چیف منسٹر نے ملاقات کی اور خطاب کرتے ہوئے محکمہ مال کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ مثبت سونچ سے خدمات انجام دیتے ہوئے عوام کے بھروسہ کو برقرار رکھنے حکومت سے مکمل تعاون کریں اور عوام میں حکومت کے وقار کو بڑھانے کام کریں ۔ سماج کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہونچانے میں مددگار بنیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام میں شعور بیدار ہونے کے بعد محکمہ پولیس میں بھی تبدیلی آئی ہے ۔ اسی طرز پر محکمہ مال میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے ۔ چندر شیکھر راو نے کہا کہ نیا قانون کسی کے خلاف نہیں ہے ۔ اعلیٰ عہدیداروں اور ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کو خوشگوار ماحول میں حل کرنے کی کوشش کریں ۔ ماضی میں گاؤں اور منڈلوں میں بہتر انداز میں کام کرنے والے عہدیداروں کی عوام کافی عزت کیا کرتے تھے ۔ دوبارہ وہی کلچر بحال کرنے کی کوشش کریں ۔ عوام ان سے بات کرنے کے انداز کو بہتر طور پر سمجھتے اور پہچانتے ہیں ۔ اس مسئلہ پر ملازمین سنجیدگی سے غور کریں اور مسائل کی یکسوئی پیار محبت خلوص کا مظاہرہ کریں ۔ عوام کی خوشحالی ، بھلائی کو مد نظر رکھتے ہوئے نیا ریونیو قانون بنایا گیا ہے جو کسی کے خلاف نہیں ہے ۔ انتخابات ، قدرتی آفات سماوی کے بشمول 54 اقسام کی ذمہ داریاں محکمہ مال بڑی خوبی سے انجام دے رہا ہے جس کی چیف منسٹر نے ستائش کی اور وعدہ کیا کہ محکمہ مال میں تمام سطح کی ترقی کے عمل کو فوری مکمل کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ تحصیلداروں کے کار الاونس ریگولر ادا کریں ۔ تحصیلدار آفسوں میں سہولتوں کی فراہمی کیلئے 60 کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وی آر اوز کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ ان کی خدمات دوسرے محکمہ جات میں ضم کرنے کا موقع دیا جائیگا ۔ جو وی آر اوز غریب طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں یا عمر ان کی ساتھ نہیں دے رہی ہے تو ان کے بچوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ وی آر اوز کو اسکیل کی فراہمی سے حکومت پر 260 کروڑ روپئے کا زائد بوجھ عائد ہونے کے باوجود انسانی ہمدردی کے طور پر غور کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ مال کے ملازمین کو خدمات کی انجام دہی میں کوئی مسائل پیش آئے تو حکومت اس کو حل کرنے تعاون کریگی ۔ اجلاس میں چیف سکریٹری سومیش کمار ، ریتو بندھو سمیتی کے اسٹیٹ چیرمین و رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور راؤ اسوسی ایشن کے صدر و دیگر 60 نمائندے موجود تھے ۔