ڈیجیٹل دنیا آسان اور سستی ، 2019 کی مبارکبادی میں واٹس ایپ اسٹیٹس کو پہلا مقام
حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : عید اور تہوار کے علاوہ نئے سال کے موقع پر اپنے عزیز و اقارب کو نیک تمناوں اور خواہشات کے لیے کارڈز ارسال کرنے کا رواج اب قصہ پارنیہ بن چکا ہے اور یہ روایت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے چونکہ اب زمانہ سائبر دور میں بدل چکا ہے لہذا روایتی کارڈز کی بجائے سائبر اور ڈیجیٹل کارڈز نے لے لی ہے اور اب تو واٹس اپ کے اسٹیٹس پر نئے سال کے ایک سے زیادہ کارڈز کو پوسٹ کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ 31 دسمبر کی صبح سے ہی نئے سال 2019 کی نیک تمناؤں اور نئے سال کی مبارکبادیوں کا ایک سیلاب شروع ہوچکا ہے اور واٹس ایپ اسٹیٹس پر سینکڑوں افراد نئے سال کے کارڈز چسپاں کرچکے ہیں جس میں سبھی حضرات کے لیے نئے سال کی نیک تمنائیں اور مبارکباد موجود ہے ۔ ماضی میں نئے سال کی آمد پر دکانات نئے سال کے کارڈز اور تحائف سے سجی ملتی تھی لیکن اب ان دکانات سے چند ہی گاہک رجوع ہورہے ہیں ۔ ان میں ہی شامل ایسٹ ماریڈ پلی سکندرآباد کی خاتون مادھوری راتھورڈ ( نام تبدیل ) بھی شامل ہیں انہوں نے ڈیجیٹل کارڈز کے باوجود روایتی کارڈز کو ترجیح دینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ٹکنالوجی جتنی بھی ترقی کرلے لیکن بسا اوقات انسانی فطرت اور جذبات کی عکاسی میں ناکام ہوجاتی ہے ۔ راتھورڈ نے مزید کہا کہ بازار سے کارڈز خریدنا اور اپنے جذبات کو الفاظ دیتے ہوئے انہیں ہاتھ سے کاغذ پر تحریر کرنا یہ وہ احساسات ہیں جسے ڈیجیٹل کارڈز ظاہر نہیں کرپائیں گے ۔ دوسری جانب حیدرآباد آرچیز ڈسٹری بیوشن کے منیجر نیروج ورما نے کہا ہے کہ دونوں شہروں میں کارڈز کی جو بڑی دکانیں ہیں ان میں نامپلی تا نیا پل ، خیریت آباد تا کارخانہ ، سکندرآباد تا پیراڈائز سبھی دکانات میں رنگ برنگی اور خوشنما کارڈز موجود ہیں اور دکانات کو بھی ہم صرف مطالبہ پر ہی کارڈز سربراہ کررہے ہیں جب کہ ماضی میں کارڈز کے لیے عام نوعیت سے آرڈس ہوتے تھے لیکن اب حالات مختلف ہیں ۔ دریں اثناء انوارالعلوم کالج کے ڈگری کے طالب علم افروز خاں نے کہا کہ روایتی کارڈز دینے کے لیے وقت ، پیسہ اور صلاحیت صرف کرنی پڑتی ہے اور ایک کارڈ صرف ایک دوست کو ہی ارسال کیا جاسکتا ہے ۔اس کے برعکس ڈیجیٹل دنیا کا یہ فائدہ ہے کہ ایک دوست کو ایک سے زیادہ اور کبھی ایک بہترین پیغام کا کارڈ سبھی دوستوں کے علاوہ عزیز و اقارب کو ارسال کردیا جاسکتا ہے ۔۔