نیا پاکستان دہشت گردی کے خلاف نئی کارروائی کرے :وزارت خارجہ ہند

   

نئی دہلی۔9مارچ(سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان نے آج کہا کہ اگر وزیر اعظم عمران خان ‘نئی سوچ والے ‘نئے پاکستان’ کا دعوی کرتے ہیں تو پھر وہ دہشت گردی کے خلاف تازہ کارروائی اور ٹھوس اقدامات کریں۔وزارت خارجہ ترجمان رویش کمار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اپنی عادت سے باز نہیں آرہا ہے اور مسلسل جھوٹ پروپیگنڈہ کر رہا ہے ۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی بجائے ، پلوامہ حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے دعوی کو بھی مسترد کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یہ جھوٹ پھیلا رہا ہے کہ اس نے دو مگ طیاروں کو مار گرایا ۔ اگر ویڈیو یا کوئی ثبوت ہے تو عام کرنا چاہئے اور بتانا چاہئے کہ دوسرے جہاز کا پائلٹ کہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ایک21 مگ طیارہ گرا تھا ۔ پاکستان جھوٹ بول رہاہے کہ اس نے 27 فروری کو ہندوستان کے خلاف F16 طیارے کا استعمال نہیں کیا لیکن ہندوستان کے پاس اس کے ثبوت ہیں کہ پاکستان نے ایف -16 طیاروں کا استعمال کیا ہے ۔