نیتاجی کے سیکولر آئیڈیا پر عمل نہیں کیا تو ملک بکھرجائے گا:چندر کمار بوس

   

کولکاتا۔ 23 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر چندر کمار بوس جو نیتاجی سبھاش چندر بوس کی بہن کے پوتے ہیں نے آج کہا ہے کہ اگر ان کی پارٹی ملک کو متحد کرنے کے لئے نیتاجی سبھاش چندربوس کے سیکولر آئیڈیا پر عمل نہیں کیا تو ملک بکھر جائیگا۔ بوس نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت چاہتی ہے کہ ہندوستان کو متحد رکھا جائے تو نیتاجی کی آئیڈولوجی پر عمل کرنا ہوگا کیونکہ ان کے آئیڈولوجی میں مذہبی بنیاد پر تفریق کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ملک کئی حصوں میں تقسیم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیتاجی سبھاش چندربوس کے آزاد ہند فوج(انڈین نیشنل آرمی میں) ہندو ،مسلم ،سکھ اور عیسائی سب شامل تھے اور سب ملک کی آزادی کیلئے جدو جہد میں حصہ لیا۔ بوس نے کہا کہ میں بی جے پی میں اس یقین کے ساتھ ہوں کہ مذہب انسان کا ذاتی معاملہ ہے اور جو لوگ اس نظریہ پر یقین نہیں رکھتے ہیں وہ دراصل ہندوستان کو ٹکرے ٹکڑے میں تقسیم کرنے والے ہیں۔ خیال رہے کہ 2019 ء کے لوک سبھا انتخاب میں چند کمار بوس نے جنوبی کلکتہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لیا تھا مگر انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔