نئی دہلی: نیتا جی سبھاش چندر بوس کے پوتے چندر بوس نے بدھ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے استعفیٰ دے دیا، یہ کہتے ہوئے کہ پارٹی نے نیتا جی کے وژن کی تشہیر کے اپنے وعدے پورے نہیں کئے۔ چندر بوس نے 2016 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور بی جے پی کے ٹکٹ پر دو بار الیکشن لڑا۔ انہوں نے 2016 میں اسمبلی انتخابات اور 2019 میں لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا، ”جب میں بی جے پی میں شامل ہوا تو مجھ سے وعدہ کیا گیا تھا کہ مجھے نیتا جی سبھاش چندر بوس اور سرت چندر بوس کے جامع نظریہ کا پرچار کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔” بوس کو 2016 میں بی جے پی کی مغربی بنگال یونٹ کا نائب صدر مقرر کیا گیا تھا۔ لیکن 2020 کی تنظیمی ردوبدل کے دوران عہدے سے ہٹا دیا گیا۔