نیتن یاہو حکومت ختم کرکے نئی حکومت تشکیل دی جائے

   

تل ابیب۔ 24 اگست (ایجنسیز) اسرائیل کی سیاسی جماعت “بلیو اینڈ وائٹ” کے سربراہ اور سابق وزیر دفاع بنیی گینٹز نے وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کی حکومت ختم کرنے اور نئی حکومت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسی کابینہ قائم ہونی چاہیے جو غزہ میں موجود قیدیوں کی رہائی اور بھرتی کے قانون کی منظوری پر کام کرے۔بنیی گینٹز نے ایک پریس کانفرنس میں نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ نئی حکومت بنائیں جس میں یائیر لپیڈ اور ایویگڈور لایبرمین بھی شامل ہوں، مگر انتہاپسند وزراء کو اس سے باہر رکھا جائے، جن میں اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر اور دائیں بازو کے انتہاپسند وزیر خزانہ بتسلئیل سموٹریچ سرِفہرست ہیں۔گینٹز نے کہا کہ حماس کے خلاف کارروائی جاری رہے گی لیکن سب سے پہلے قیدیوں کی رہائی ضروری ہے۔دوسری جانب بن گویر نے گینٹز کی تجویز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے دائیں بازو کی پالیسی کو منتخب کیا ہے، نہ کہ گینٹز کی سوچ کو۔ اس نے زور دے کر کہا کہ حکومت حماس کے ساتھ کسی بھی قسم کی “سرنڈر ڈیل” نہیں کرے گی۔ادھر تل ابیب میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ قیدیوں کی واپسی کیلئے کسی جزوی معاہدے پر بھی اتفاق کیا جائے۔