نیتن یاہو نے اسرائیلی صدر سے معافی کی درخواست کردی

   

تل ابیب۔30؍نومبر ( ایجنسیز ) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے انہیں کرپشن مقدمات میں معافی دینے کی درخواست کردی۔ صدر کو ایک باضابطہ درخواست دیتے ہوئے نیتن یاہو کا مؤقف ہیکہ فوجداری کارروائیاں بطور وزیر اعظم ان کے اْمور میں رکاوٹ بن رہی ہیں اور یہ معافی اسرائیلی معاشرے کے مفاد میں ہوگی۔اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائیر لاپید نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہیکہ نیتن یاہو کو اپنے جرم کا اقرار کرنے، اس پر نادم ہونے اور سیاست ترک کرنے کی صورت میں ہی معافی ملنی چاہیے۔ نیتن یاہو طویل ترین مدت تک خدمات انجام دینے والے اسرائیلی وزیراعظم ہیں۔ ان کے وکلا نے صدر کے دفتر کو بھیجے گئے خط میں کہا ہیکہ وزیراعظم کا اب بھی یقین ہیکہ قانونی کارروائی کا اختتام مکمل بریت پر ہوگا۔نیتن یاہو نے اپنی جماعت لیکود کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر ویڈیو بیان میں کہا ہیکہ ’میرے وکلا نے آج صدر کو معافی کی درخواست بھیج دی ہے۔ میں توقع کرتا ہوں کہ جو بھی ملک کی بہتری کا خواہش مند ہے وہ اس اقدام کی حمایت کرے گا‘۔یاد رہے کہ رواں ماہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اسرائیلی صدر سے درخواست کی تھی وہ کرپشن کے مقدمہ میں اسرائیلی وزیر اعظم کو معاف کردیں۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کے دفتر کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک خط میں اسرائیلی صدر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم بنجامین نیتن یاہو کو معافی دینے پر غور کریں۔