نیتن یاہو کا مقصد معاہدہ سے کترانا اور نسل کشی جاری رکھنا ہے: حماس

   

بیروت : حماس کے سیاسی بیورو رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم غزہ میں نسل کشی کو جاری رکھنے کیلیے جنگ بندی معاہدے سے کترا رہے ہیں۔ عزت الرشق نے بن یامین نیتین یاہو کے ایک جزوی جنگ بندی معاہدے سے متعلق بیانات کے جواب میں اس بات کا اظہار کیا ہے۔ الرشق نے کہا کہ نیتین یاہو کے ایک جزوی جنگ بندی معاہدے کی آڑ میں حملے جاری رکھنے سے متعلق بیانات اسیروں کے اہل خانہ سے جھوٹ بولنے اور ان کی اولادوں کے انجام کے معاملے میں انہیں اندھیرے میں رکھنے کے مترادف ہے، نیتین یاہو کا اصل مقصد جنگ بندی معاہدے سے کتراتے ہوئے نسل کشی جاری رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ بھی اس معاملے میں اسرائیل کا دم بھرتے ہوئے جنگ کاتماشا دیکھ رہی ہے۔ حماس کے عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ قطری اور مصری ثالثوں نے غز ہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا سمیت اسیروں کے تبادلے کو ممکن بنانے کیلیے کی گئی کوششوں میں مثبت پیش رفت کی ہے۔ یاد رہے کہ نیتین یاہو نے گزشتہ دنوں ایک ملکی چینل پر کہا تھا کہ غزہ میں حملوں کا سلسلہ نہیں رکے گا البتہ اسرائیل ایک جزوی معاہدے کیلیے تیار ہے۔