تل ابیب، 25 ستمبر (یو این آئی) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو پولیس اسٹیشن میں آ کر قتل کرنے کی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے ، جس پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کو قتل کرنے کی دھمکی دینے کا الزام ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہودیوں کی نئی برس کی چھٹیوں کے آغاز سے قبل 40 سالہ شخص نے مقامی پولیس اسٹیشن آ کر دھمکی دی کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو قتل کر دے گا۔ پولیس نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے افسران کو یہ بھی بتایا کہ ”وہ اسلحہ خریدنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ نیتن یاہو کو تین بار گولی مار سکے ۔ پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف کل فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ملزم کو عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک حراست میں رکھے گی۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے خلاف جاری وحشیانہ مظالم کو دو برس مکمل ہونے کو ہیں۔ غاصب صہیونی ریاست نے دو سال کے دوران ٹنوں گولہ بارود برسا کر غزہ کو ملبے کا ڈھیر اور 60 ہزار سے زائد بے قصور اور نہتے فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ ان میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ زخمی اور لاپتہ افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے ۔ اسرائیل نے اس جنگ کے دوران تمام جنگی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے رہائشی عمارات، ہاسپٹلوں، اسکولوں، پناہ گزین کیمپوں کو تباہ کر ڈالا۔ صہیونی ریاست کی مسلسل جارحیت پر جہاں سوائے امریکہ کے اقوام عالم اسرائیل کی مرمت کر رہی ہے ۔ وہیں کئی یورپی برطانیہ، فرانس، کینیڈا سمیت کئی یورپی ممالک فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت پر صرف اقوام عالم ہی نہیں بلکہ خود صہیونی ریاست میں وزیراعظم نیتین یاہو کی عوامی حمایت میں نمایاں کمی آئی ہے اور اسرائیلی عوام بھی اب ان مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔