نیدرلینڈز میں اسلام مخالف قائد گریٹ ویلڈرز کی پارٹی کامیاب

   

ایمسٹرڈم: اسلام مخالف انتہائی دائیں بازو کے رہنما گریٹ ویلڈرز کی پارٹی نے ہالینڈ کے انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ میڈیا نے رپورٹ کیا کہ جمعرات کو انتخابات کے تقریبا مکمل نتائج کے مطابق انتہائی دائیں بازو کو ایک ایسے ملک میں بڑی کامیابی ملی ہے جو کہ کبھی تحمل اور برداشت کی مشعل کے طور پر یورپ میں مشہور تھا۔ہالینڈ کے انتخابات کے نتائج سے پورے یورپ میں تشویش کی لہر دوڑ جائے گی جہاں انتہائی دائیں بازو کا نظریہ مقبول ہو رہا ہے۔انتخابات کے نتائج نے گریٹ ویلڈرز کو ایک ایسی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے جہاں وہ مخلوط حکومت بنانے کے لیے مذاکرات کی قیادت کریں گے اور ممکنہ طور پر نیدرلینڈز کے انتہائی دائیں بازو کے پہلے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔تقریبا تمام ووٹوں کی گنتی کے بعد کے نتائج کے مطابق ویلڈرز کی پارٹی نے 150 رکنی پارلیمان میں 37 نشستیں حاصل کی ہیں۔ یہ نشستیں چہارشنبہ کی رات کو پولنگ ختم ہونے کے بعد ایگزٹ پول کے نتائج سے بھی زیادہ ہیں جب کہ گذشتہ انتخابات میں پارٹی کی جانب سے حاصل کی گئی نشستوں کی تعداد سے دوگنا سے بھی زیادہ ہیں۔