ایمسٹرڈیم/ برلن: نیدرلینڈز میں کورونا ویکسین کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو پولیس نے تشدد کرکے منتشر کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب درجنوں مظاہرین سڑکوں پر آئے، جو کورونا ویکسین لگوانے کو لازم قرار دینے کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ پولیس نے مظاہرین پر آنسوگیس برسائی اور واٹر کینن چلائی۔ دوسری جانب جرمنی میں کورونا وبا کی چوتھی لہر انتہائی شدت اختیار کر چکی ہے۔ جرمنی کی طرح بعض دوسری یورپی ریاستوں میں بھی کورونا وبا میں شدت پیدا ہونے کے بعد لاک ڈاؤن پر غور کیا جا رہا ہے۔ جرمن حکام نے کووڈ 19کی چوتھی لہر کے تناظر میں کورونا ٹیسٹ کرانے پر ایک مخصوص قیمت ادا کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ ہفتے کے روز سے جرمن شہری ہفتے میں ایک بار مفت کورونا ٹیسٹ کرا سکیں گے۔ ماہرین کے مطابق اس سہولت سے لوگوں کو حوصلہ ملے گا کہ وہ ویکسی نیشن کی جانب بھی راغب ہوں۔