بڈاپسٹ ۔ ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں جاری عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں ہندوستان اور پاکستان اورکے درمیان فائنل توجہ کا مرکز ہوگا۔ 27 اگست بروز اتوار اولمپک چمپیئن اور اسٹار جیولن تھرو ہندوستان کے نیرج چوپڑا اور پاکستان کے جیولن اسٹارارشد ندیم عالمی چمپئن بننے کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔ ہندوستان کے نیرج کے علاوہ ڈی پی مانو (81.31) اورکشور جینا (80.55) بھی فائنل میں اپنی طاقت دکھائیں گے۔ فائنل میں پہلی بار ہندوستان کے تین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ بڈاپیسٹ میں جاری عالمی چمپئن شپ میں مردوں کے جیولن تھرو کا کوالیفائنگ راؤنڈ جمعہ 25 اگست کو ہوا، جس میں ہندوستان کے تین اور پاکستان کے ارشد ندیم نے حصہ لیا۔ دفاعی عالمی چمپئن اینڈرسن پیٹرزاور جمہوریہ چیک کے جیکب وِڈلِچ جیسے ستارے بھی دوڑ میں ہیں لیکن توجہ نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم پر مرکوز تھی اور دونوں سٹالورٹس نے مایوس نہیں کیا۔ ایک جانب جہاں ہندوستان کے نیرج چوپڑا ایک اور گولڈ میڈل کے لئے پرعزم ہے تو دوسری جانب ارشد ندیم بھی سنہری کامیابی کیلئے پرجوش ہیں۔ ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے والے ارشد ندیم نے کہا ہے کہ ہندوستانی ایتھلیٹ نیرج یا کسی اورکے ساتھ میرا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ ارشد ندیم نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ میں ہمیشہ اپنا مقابلہ خود سے کرتا ہوں، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ سب سے اچھی تھرو کروں۔ ارشدندیم نے کہا ہے کہ نیرج چوپڑا کے لیے بھی نیک تمنائیں ہیں، نیرج بھائی آپ بھی اچھا کریں اور میں بھی اچھا کرنے کی کوشش کروں گا، امید ہے کہ دنیا میں ہمارا نام ہو۔ فائنل کے لیے نیرج اور ندیم کے درمیان مقابلے کا ماحول تیار ہے۔ دونوں ستاروں نے 2018 کے ایشین گیمز سے لے کر اولمپک گیمز تک کئی ایونٹس میں حصہ لیا ہے اور ہر بار نیرج نے جیت حاصل کی ہے۔ تاہم اس بار دونوں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے کیونکہ ندیم نے جہاں 90 میٹرس کا فاصلہ عبور کیا ہے جو کہ نیرج کی پہنچ سے ہنوز باہر ہے ۔