بڈاپسٹ۔ ہندوستان کے اولمپک چمپئن نیرج چوپڑا نے یہاں مردوں کے جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل پر اپنی کامیابی کی مہرلگاتے ہوئے عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں ہندوستان کے لئے تاریخی پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا۔چوپڑا جوگزشتہ چند مہینوں سے چوٹ سے پریشان ہیں، انہوں نے اپنی دوسری باری میں88.17 کے زبردست تھروکے ساتھ ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں تاریخ رقم کی۔ پاکستان کے ارشد ندیم نے 87.82 کے فاصلہ کے ساتھ سلور میڈل کے ساتھ اپنے ملک کے لیے پہلا عالمی چمپئن شپ کا میڈل حاصل کیا ہے جبکہ جمہوریہ چیک کے یاکب وڈلیچ نے 86.67 کے فاصلہ کے ساتھ گزشتہ سال اوریگون میں جیتا ہوا برونز میڈل برقرار رکھا۔ میدان میں موجود دو دیگر ہندوستانیوں نے بھی اپنی پوری کوشش کی لیکن پوڈیم پراپنے قدم نہیں جماسکے۔ کشور کمار جینا، جنھیں بڈاپسٹ پہنچنے کے لیے ویزا کے مسائل پر قابو پانا پڑا، 84.77 کے ذاتی بہترین تھروکے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے جبکہ ڈی پی مانو 84.14 کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے لیکن ہندوستان کو نیرج چوپڑا سے سب سے زیادہ امیدیں تھیں اور ہریانہ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نوجوان نے مایوس نہیں کیا اور وہ اپنی دوسری باری پر شاندار تھرو کے ساتھ آئے اور اپنا پہلا عالمی چمپئن شپ میں گولڈ حاصل کیا۔اتوار سے پہلے، کسی بھی ہندوستانی مرد یا خاتون نے عالمی چمپئن شپ میں گولڈ میڈل نہیں جیتا تھا۔ انجو بوبی جارج نے 2003 میں پیرس میں خواتین کی لمبی چھلانگ میں برونز میڈل جیتا تھا جبکہ نیرج چوپڑا نے گزشتہ سال اوریگون، امریکہ میں سلور میڈل جیتا تھا۔چوپڑا جو عام طور پر ایک بڑی پہلی تھروکے ساتھ شروعات کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے کوالیفائنگ مرحلے میں شاندار 88.77 میٹر کے ساتھ ایسا ہی کیا تھا، اتوارکو اپنی پہلی کوشش میں فاؤل کے ساتھ کھلا۔لیکن اس کے اگلے تھرو نے انہیں کھلاڑیوں کی صف میں سب سے اوپر پہنچا دیاکیونکہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ ٹوکیو اولمپک گولڈ میڈلسٹ نے برچھی کو 88.17 تک پھینک کر برتری حاصل کی۔ جرمنی کے جولین ویبر اپنی دوسری کوشش میں 85.79 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ جمہوریہ چیک کے یاکب وڈلیچ اپنی دوسری کوشش میں 84.18 میٹر تھرو کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔چوپڑا اپنی تیسری کوشش میں صرف 86.32 میٹر ہی حاصل کرسکے جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم اپنی تیسری باری پر 87.82 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ میدان میں کود پڑے۔ ندیم جنہوں نے اس سال کے شروع میں چوٹ لگنے کے بعد اپنے کندھے کی سرجری کی تھی، انہوں نے 74.90 میٹرسے ناقص آغاز کیا ۔