نئی دہلی۔ ٹوکیو اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور نیرج چوپڑا، سلور میڈل جیتنے والے پہلوان روی کمار داہیا، باکسر لولینا بورگوہین، اور پیرا اولمپک گیمز میڈلسٹ اونی لیکھارا، پرمود بھگت، کرشنا نگر، سمیت انٹیل اور منیش ناروال اور دیگر درجنوں کھلاڑی میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ حکومت نے کئی کھلاڑیوں کو میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔ ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ اور گول کیپر پی آر سریجیش کے ساتھ کرکٹر متھالی راج اور قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان سنیل چھتری کو کھیل رتن ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ کھیل رتن ایوارڈ جیتنے والے 12کھلاڑیوں کے علاوہ، قومی کھیلوں کے ایوارڈ جیتنے والوں کی جمبو لسٹ میں 39 کھلاڑی شامل ہیں جن میں تاریخ رقم کرنے والی فینسر بھوانی دیوی، خاتون ہاکی کھلاڑی وندنا کٹاریا، 16 مرد ہاکی کھلاڑی اس ٹیم کا حصہ ہیں جنہوں نے برونز میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔ ٹوکیو اولمپکس میں چار دہائیوں کے عرصے کے بعد میڈل حاصل ہوا ہے۔ پیرا اولمپکس میڈلسٹ بھوینا پٹیل کو ارجن ایوارڈ دیا گیا۔ میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ حکومت کی طرف سے دیا جانے والا اعلیٰ ترین کھیلوں کا اعزاز ہے۔