نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور یہ ان کا خواب ہے کہ ہندوستان کھیلوں کا ایک ملک بنے اور اولمپکس کا اہتمام کرے۔ وزیر دفاع نے ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو ایونٹ میں ملک کو طلائی تمغہ دلانے والے فوج کے صوبیدار نیرج چوپڑا کے نام سے منسوب اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ حکومت نے پچھلے کچھ برسوں میں کھیلوں کے معیار کو بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ میرے خیال میں یہ صرف ایک سرکاری اسکیم نہیں ہے، بلکہ ایک تحریک ہے، جسے ہمیں مزید آگے بڑھانا ہے۔ ہمیں ابھی تک ان کوششوں کے ذریعے کامیابی کی مزید بلندیاں حاصل کرنی ہیں۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کوششوں کے نتائج گزشتہ چند سالوں میں دکھائی دینے لگے ہیں۔ 2014 اور 2018 کامن ویلتھ گیمز میں ملک نے بالترتیب 64 اور 66 تمغوں کے ساتھ 5واں اور تیسرامقام حاصل کیا۔ صوبیدار نیرج چوپڑا کی حصولیابی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”کسی بھی کھلاڑی کی زندگی میں سب سے اہم لمحہ وہ ہوتا ہے جب وہ پرچم پکڑتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ جب صوبیدار نیرج چوپڑا کو طلائی تمغہ دیتے ہوئے ٹوکیو میں قومی ترانہ بجا، تو ہر ہندوستانی کا سینہ فخر سے چوڑا ہوگیا اور اس کی آنکھیں خوشی سے نم ہو گئی تھیں۔